کراچی، پاکستان، 28 اگست، 2025 – جے ایس بینک اور کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ (KSBL) کے باہمی اشتراک سے ایک اسٹریٹجک گول میز اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی مالی معاونت کے لیے موجود مواقع اور چیلنجوں کا جائزہ لینا اور مالیاتی رسائی کے بہتر مواقع تلاش کرنا تھا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، اسمیڈا (SMEDA)، نیشنل انکیوبیشن سینٹر، نجی مالیاتی ادارے اور تعلیمی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ یہ شعبہ پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار میں تقریباً 40 فیصد حصہ رکھتا ہے اور زرعی شعبے کے علاوہ 80 فیصد سے زائد افرادی قوت کو روزگار فراہم کرتا ہے۔
حوصلہ افزا پیش رفت کے باوجود — جن میں مالی سال 2025ء کے دوران چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو جاری کیے گئے قرضوں کا حجم ریکارڈ بلند ترین سطح یعنی 691 ارب روپے تک پہنچ جانا شامل ہے — صرف 2.1 فیصد کاروباری اداروں نے بینکوں سے حاصل ہونے والے قرضوں یا کریڈٹ لائن تک رسائی کی اطلاع دی ہے، جبکہ جنوبی ایشیا میں یہ اوسط 31.6 فیصد ہے۔ اجلاس میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ معمولی بہتری سے آگے بڑھ کر جامع اصلاحات کی ضرورت ہے، جن کی بنیاد مضبوط کریڈٹ اسیسمنٹ فریم ورک، مارکیٹ پر مبنی حل اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے تقسیم کے ذرائع پر ہو۔
گول میز اجلاس کے دوران آئندہ کے لیے ایک پالیسی بریف اور SME فنانسنگ ٹول کٹ بھی متعارف کرائی گئی، جو چھوٹے کاروباری اداروں کو مالیاتی خدمات کے حصول کے عمل میں رہنمائی فراہم کرنے اور پالیسی سازوں و مالیاتی اداروں کے لیے قابل عمل تجاویز اور بصیرت پیش کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ کے ڈین اور ریکٹر، ڈاکٹر احمد جنید نے کہا: "پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ہماری معیشت میں دھڑکن کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن مالیاتی خلا کی مسلسل موجودگی ہمارے قومی ترقی کے امکانات کو متاثر کر سکتی ہے۔ یہ گول میز اجلاس اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم تعلیمی تحقیق اور عملی پالیسی حلوں کے درمیان پُل بنائیں۔”
جے ایس بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر، عاطف سلیم ملک نے کہا: "اگرچہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے قرضہ جات میں حوصلہ افزا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لیکن اس شعبے میں مواقع اب بھی بے پناہ ہیں۔ ہمارا مقصد صرف قرضوں کی کتاب بڑھانا نہیں بلکہ ایک ایسے ایکو سسٹم کو فروغ دینا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی پائیدار ترقی کو یقینی بنائے۔”
گول میز اجلاس میں سپلائی سائیڈ پر معلومات کی کمی، تقسیم کے مسائل اور محدود کریڈٹ اسیسمنٹ ٹولز جیسے مسائل، جبکہ ڈیمانڈ سائیڈ پر رسمی دستاویزات کی کمی اور موسمی نقدی بہاؤ (cash flow) کے دباؤ جیسے چیلنجز زیرِ بحث آئے۔ شرکاء نے حکومت کی اسکیموں، جیسا کہ آسان فنانس اسکیم (SAAF) اور جدت کاری کے لیے ری فنانسنگ سہولت کے کردار کو تسلیم کیا، تاہم طویل المدتی ترقی کے لیے مضبوط ریگولیٹری فریم ورک اور تکنیکی جدت پر زور دیا گیا۔